گورنر سوندرا راجن نے عہدیداروں کے ساتھ درخواستوں کی یکسوئی کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے راج بھون کے باہر نصب کردہ شکایتی اور تجاویز باکس میں عوام کی جانب سے موصولہ نمائندگیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے راج بھون کے اسٹاف آفیسرس کے ہمراہ موصولہ درخواستوں اور تجاویز سے واقفیت حاصل کی اور ان پر کارروائی کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ گورنر نے ہر درحواست کا گہرائی سے جائزہ لینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی تاکہ یکسوئی کی راہ تلاش کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ راج بھون کے عہدیداروں اور اسٹاف کیلئے عوام کی خدمت کا یہ بہترین موقع ہے ۔ راج بھون عوامی مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں حکام کی توجہ مبذول کراسکتا ہے۔ اگر بروقت یکسوئی نہیں کی گئی تو راج بھون کی جانب سے توجہ دلائی جائے گی ۔ گورنر نے کہا کہ عوام اور حکومت کے درمیان راج بھون پل کا کام کرے گا اور عوامی شکایت کو سرکاری اداروں سے رجوع کریں گے۔ شکایتی اور تجاویز باکس میں ابھی تک 181 نمائندگیاں وصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر اراضی معاملات ، سرویس امور ، مالی امداد اور روزگار کے نوٹیفکیشن سے متعلق ہیں۔ گورنر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ شکایتوں سے نمٹنے میں انسانی ہمدردی کے جذبہ کو پیش نظر رکھیں اور مقررہ مدت میں مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر گورنر کے سکریٹری کے سریندر موہن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر