تمام ملازمین کا ٹسٹ ، گورنر کورونا سے محفوظ ہیں
حیدرآباد: تلنگانہ راج بھون میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ کے بعد تمام اسٹاف ممبرس کا ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ گزشتہ دو دن سے ملازمین کے ٹسٹ کا سلسلہ جاری ہے اور توقع ہے کہ منگل تک ٹسٹ جاری رہیں گے ۔ گورنر ٹی سوندرا راجن کا کورونا ٹسٹ منفی پایا گیا۔ تاہم راج بھون کے 48 ملازمین میں کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد گورنر کے اطراف احتیاطی اقدامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے خود کو دفتر تک محدود کرلیا ہے اور ٹسٹ مکمل ہونے تک ملازمین کو ملاقات کی اجازت نہیں ۔ گورنر نے ٹیوٹر پر بتایا کہ ان کا کورونا ٹسٹ منفی آیا ہے ۔ راج بھون میں ملازمین کی تعداد تقریباً 200 ہے ۔ حکام نے بتایا کہ راج بھون میں متعین پولیس بالین کے 28 اور ایڈمنسٹریٹیو سیکشن کے 10 ملازمین میں کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کے مزید 10 ارکان کے ارکان خاندان کا بھی ٹسٹ کیا جارہا ہے ۔ 20 ملازمین کو گورنمنٹ آیورویدا ہاسپٹل ایس آر نگر میں شریک کیا گیا ہے ۔ پولیس ملازمین کو آئیسولیشن سنٹر روانہ کیا گیا ۔ ابتداء میں اسپیشل بٹالین کے بعض ارکان میں کورونا کی علامات پائی گئی تھی جس کے بعد دیگر ملازمین کا ٹسٹ کروایا گیا ۔ گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے ٹسٹ سے خوفزدہ نہ ہوں اور ر ضاکارانہ طور پر اپنا ٹسٹ کروائیں تاکہ علامات کی صورت میں فوری قابو پایا جاسکے۔
