گاندھی بھون میں 75 ویں جینتی تقریب، 6 ضمانتوں کا وعدہ آنجہانی قائد کی اسکیمات سے متاثر ہوکر کیا گیا، چیف منسٹر کا خطاب سینئر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 8۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی 75 ویں جینتی کے موقع پر زبردست خراج پیش کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ریاستی وزراء اور پارٹی کے سینئر قائدین نے آنجہانی قائد کی عوامی خدمات کی یاد تازہ کرتے ہوئے مختلف پروگراموں میں شرکت کی ۔ سوماجی گوڑہ میں واقع راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ پرجا بھون میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے راج شیکھر ریڈی کی زندگی پر مشتمل تصویریں نمائش کا افتتاح کیا۔ گاندھی بھون اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی آفس میں علحدہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں چیف منسٹر اور دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کرتے ہوئے وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو نہ صرف متحدہ آندھراپردیش بلکہ ملک کے لئے مثالی قائد قرار دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، سریدھر بابو ، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی ، سابق ارکان پارلیمنٹ کے وی پی رام چندر راؤ ، انجن کمار یادو ، حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر اور دیگر قائدین نے جینتی تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے متحدہ آندھراپردیش میں غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے راج شیکھر ریڈی کی جانب سے شروع کردہ اسکیمات کا ذکر کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی پد یاترا کے نتیجہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا تھا ۔ راہول گاندھی نے پد یاترا سے متاثر ہوکر کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی قائد نے عہد کیا تھا کہ راہول گاندھی کو وزارت عظمی کے عہدہ پر فائز کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ پارٹی قائدین کے ساتھ اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ راہول گاندھی کو ملک کے وزیراعظم کے طور پر فائز کرنے کی مساعی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 6 ضمانتوں کا وعدہ راج شیکھر ریڈی کی اسکیمات سے متاثر ہوکر کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے لئے مساعی کرنے والے قائدین کو کارپوریشنوں کے نامزد عہدے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ پارٹی میں ہر کارکن کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا اور انہیں عہدوں میں مناسب نمائندگی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محنت کرنے والے کارکنوں کو پارٹی فراموش نہیں کرے گی ۔ چیف منسٹر نے صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر تین سال کی تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے میں قائدین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی کا نام ترقی اور فلاح و بہبود سے منسوب ہوچکا ہے ۔ ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں راج شیکھر ریڈی حکومت کی اسکیمات کو آج بھی یاد کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موسیٰ ندی کی صفائی ، میٹرو ریل پراجکٹ ، گوداوری اور کرشنا سے پانی کی سربراہی اور سرمایہ کاری میں اضافہ جیسے اقدامات راج شیکھر ریڈی کی شخصیت سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے شروع کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت راج شیکھر ریڈی کی فلاحی اسکیمات کو جاری رکھے گی ۔ راج شیکھر ریڈی کی پد یاترا سے کانگریس کو آندھراپردیش میں اقتدار حاصل ہوا تھا جبکہ راہول گاندھی کی پد یاترا سے تلنگانہ ، کرناٹک اور ہماچل پردیش میں کانگریس برسر اقتدار آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے کبھی بھی عہدوں کی پرواہ نہیں کی اور عوامی مسائل پر مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے گزشتہ تین برسوں میں کافی نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ پارٹی کو برسر اقتدار لانا میرا بنیادی مقصد تھا جو پورا ہوچکا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور دیپا داس منشی نے بھی مخاطب کیا۔ 1