سنگاپور۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع ہند راج ناتھ سنگھ نے چہارشنبہ کو سنگاپور کے کرانجی وار میموریل کا دورہ کیا اور ان نا معلوم فوجیوں کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کئے جنہوں نے دوسری جنگ عظیم میں اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کو بھی نچھاور کردیا تھا۔ مذکورہ یادگار ان جانباز مرد و خواتین کی ہے جن کا تعلق ہندوستان، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، سری لنکا، ملایا، نیدر لینڈس اور نیوزی لینڈ سے ہے جنہوں نے جاپانی فوج کی پیشرفت کو روکتے ہوئے سنگاپور اور ملایاکی حفاظت کی تھی۔ ملایا 1963ء میں شمالی بورنیو، سراوک اور سنگاپور سے اتحاد کرتے ہوئے ملائشیا نامی ملک کے طور پر وجود میں آیا جبکہ 1965ء میں اس فیڈریشن سے سنگاپور علیحدہ ہوگیا تھا۔ اس موقع پر راج ناتھ سنگھ نے بھی ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے اس دورہ اور فوجیوں کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کی توثیق کی۔ یاد رہے کہ راج ناتھ سنگھ پیر کی شب دو روزہ دورہ پر یہاں پہنچے تھے۔ منگل کے روز انہوں نے سنگاپور کے نائب وزیراعظم ہنگ سوی کیٹ سے ملاقات کرتے ہوئے باہمی دفاعی و سکیوریٹی تعاون کے موضوع پر بات چیت کی تھی۔