راج ناتھ کی کرناٹک کو سیلاب سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی

   

بیلگاوی , 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سیلاب کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے کرناٹک حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے ۔شمالی کرناٹک کے 15 اضلاع اور مغربی گھاٹ کے تحت آنے والے ساحلی اور پہاڑی اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر سنگھ نے کرناٹک حکومت کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور امدادی کاموں کے لئے 10 ہیلی کاپٹرز کے ساتھ ساتھ مزید امدادی ٹیمیں بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع نے ریاست کے وزیر اعلی بی ایس یدیورپا کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران آج شام تک مزید مرکزی امدادی ٹیمیں بھیجنے کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثنا مسٹر یدیورپا جمعرات کے روز مہاراشٹر سے ملحق کرناٹک کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے بیلگاوی شہر کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے بات کی۔ اس دوران انہوں نے سیلاب متاثرین سے درخواستیں بھی لیں اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔