ادھو ٹھاکرے کو دی سالگرہ کی مبارکباد‘ حامیوں میں جوش وخروش
ممبئی۔27؍جولائی ( ایجنسیز)شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کی سالگرہ کے موقع پر مہاراشٹرا نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے 13 سال بعد ان کی رہائش گاہ ‘ماتوشری’ پر قدم رکھا۔ اس جذباتی لمحے کو سیاسی حلقوں میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ دونوں چچازاد بھائیوں کے تعلقات میں برسوں سے سرد مہری چلی آ رہی تھی۔راج ٹھاکرے کے ساتھ ایم این ایس رہنما بالا ناندگاؤنکر اور نتن سردیسائی بھی موجود تھے۔ ادھو ٹھاکرے نے راج کو گلے لگایا اور ان کی پیٹھ تھپتھپائی جس سے ماحول میں گرمجوشی دیکھی گئی۔ اس موقع پر دونوں نے بال ٹھاکرے کی تصویر کے ساتھ تصویر بھی کھنچوائی جو جذبات سے لبریز منظر تھا۔ ایک اور تصویر میں راج ٹھاکرے کو ادھو ٹھاکرے کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ادھو ٹھاکرے کی سالگرہ کی تقریب میں ان کے اہل خانہ اور شیوسینا کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔ اگرچہ کیک کاٹنے کی ویڈیو میں راج ٹھاکرے نظر نہیں آئے لیکن ان کی موجودگی نے تقریب کو خاص بنا دیا۔ شیوسینا (یو بی ٹی) کے رہنما اروند ساونت نے ملاقات کو ’خوشی کا دن‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ راج ٹھاکرے ماتوشری آئے اس سے بڑھ کر اور کیا خوشی ہو سکتی ہے۔ دونوں بھائی مہاراشٹرا کے مفاد کیلئے ساتھ آئے ہیں۔‘شیوسینا کے سینئر رہنما بھاسکر جادھو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جب راج ٹھاکرے کی سالگرہ ہو گی تو ادھو بھی انہیں مبارکباد دینے جائیں گے۔یہ واقعہ اس لیے بھی خاص ہے کہ پچھلے 20 برسوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب ادھو اور راج ٹھاکرے کو عوامی طور پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔ اس سے حامیو ں میں ز بردست جوش وخروش دیکھا گیا۔ یاد رہے کہ راج ٹھاکرے نے 2005 میں ادھو ٹھاکرے سے اختلافات کے باعث شیوسینا چھوڑ کر اپنی پارٹی ’مہاراشٹر نونرمان سینا‘ قائم کی تھی۔ تب سے دونوں کے تعلقات کشیدہ رہے اور انہوں نے انتخابی میدان میں ایک دوسرے کے خلاف کئی بار مقابلہ کیا۔تاہم حالیہ دنوں میں دونوں قائدین کے درمیان تلخیاں کم ہوگئیںہیں۔ جولائی کے آغاز میں ادھو اور راج نے پہلی بار ایک ساتھ عوامی ریالی میں شرکت کی۔
ادھو کوسالگرہ کی مبارکباد :اسٹالن
چنئی، 27 جولائی (یو این آئی)تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اتوار کے روز شیو سینا یو بی ٹی کے صدر ادھو ٹھاکرے کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد دی۔ مسٹر اسٹالن نے کہا کہ ہندی مسلط کیے جانے کے خلاف ان کی جرات مندانہ مزاحمت اور مہاراشٹر کی شناخت کو برقرار رکھنے کے ان کے مضبوط موقف نے مراٹھی عوام کو اپنی زبان کے لیے متحد کیا ہے ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مسٹر اسٹالن نے لکھا کہ شیو سینا یو بی ٹی کے صدر ادھو ٹھاکرے کو سالگرہ کی مبارکباد۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندی مسلط کیے جانے کے خلاف آپ کی جرات مندانہ مزاحمت اور مہاراشٹر کی شناخت کو برقرار رکھنے کے آپ کے عزم نے مراٹھی عوام کو اپنی زبان کے لیے متحد کیا ہے ۔