حیدرآباد :۔ چیف منسٹر کے سی آر نے حیدرآباد میں راحت اور باز آبادکاری کے کاموں کو جنگی خطوط پر مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ روزانہ ایک لاکھ متاثرین میں حکومت کی امداد 10 ہزار پہونچائی گئی ہے ۔ جن مقامات پر برقی سب اسٹیشن کو نقصان پہونچا تھا ۔ سب اسٹیشن کو مرمت کرتے ہوئے برقی بحال کی گئی ہے ۔ 12 سو 15 ٹرانسفارمرس کو نقصان پہونچا جن 12 سو 7 ٹرانسفارمرس کو بحال کردیا گیا ۔ باقی 8 ٹرانسفارمرس کی مرمت نہ ہوسکی کیوں کہ وہ زیر آب آگئے ہیں ۔ واضح رہے کہ آج بھی کئی علاقوں میں بجلی کی سربراہی میں مسائل پیش آرہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کے علاقے بارش کی تباہ کاریوں کی وجہ سے متاثر ہوگئے اور آج بھی بعض کالونیوں میں پانی موجود ہے جس سے لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے ۔ ٹولی چوکی کے کئی علاقے طوفانی بارش کے ایسے بدترین اثرات چھوڑے ہیں جس کو بھلایا نہیں جاسکتا ، سی پی آئی قائدین نے قلعہ گولکنڈہ کے قریب واقع گولف کورس اور تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں سی پی آئی عزیز پاشاہ اور دیگر قائدین نے میڈیا سے بات چیت کی اور کہا کہ گولف کورس کی وجہ سے بھی شیخ پیٹ اور متصل علاقوں میں پانی داخل ہوگیا اور عوام کو مسائل پیش آئے ۔۔