رادھا کرشنن اور سدرشن ریڈی کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے

   

نئی دہلی22اگست (یو این آئی) نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی کی جانچ میں قومی جمہوری اتحاد کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن اور انڈیا الائنس کے امیدوار بی سدرشن ریڈی کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ۔ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل اور نائب صدر کے انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر پی سی مودی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، اس انتخاب کے لیے 46 امیدواروں کے 68 کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے تھے ، جن میں سے صرف مسٹر سی پی رادھا کرشنن اور مسٹر بی سدرشن ریڈی کے کاغذات درست پائے گئے ۔ دیگر کاغذات نامزدگی جانچ میں درست نہیں پائے گئے ۔ نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کا نوٹیفکیشن 7 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 اگست تھی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ کی تاریخ 22 اگست تھی۔اس عہدے کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 9 ستمبر کو ہوگی اور اسی دن ووٹوں کی گنتی ہوگی۔