نئی دہلی۔ 20 اگست (یو این آئی ) نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے نائب صدر کے انتخاب کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس تاریخی موقع پر وزیر اعظم نے نائب صدر کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن کے نام کی تجویز پیش کی ۔اس موقع پر مودی کے علاوہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ، صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا اور این ڈی اے اتحادیوں کے سینئر لیڈر اور جنتا دل یونائیٹڈ کے للن سنگھ اور سنجے جھا، ایل جے پی (رام ولاس) سے چراغ پاسوان، مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی اور کئی دیگر مرکزی وزراء ان کے ساتھ موجود تھے ۔ رادھا کرشنن کی نامزدگی چار سیٹوں میں داخل کی گئی ہے , جن میں سے ہر ایک پر 20 تجویز کنندگان اور 20 معاونین کے دستخط ہیں۔ پہلے سیٹ پر مرکزی تجویز کنندہ کے طور پر وزیر اعظم مودی کے دستخط ہیں، جبکہ باقی سیٹوں پر مرکزی وزراء اور این ڈی اے کے سینئر لیڈروں کے دستخط ہیں، جو اتحاد میں وسیع اتفاق رائے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اس تاریخی موقع پر تقریباً 160 این ڈی اے ارکان بشمول وزراء اور ارکان پارلیمنٹ موجود تھے جب نائب صدر کے امیدوار رادھا کرشنن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ شری رادھا کرشنن کو نامزد کرنے کا فیصلہ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کی رہائش گاہ پر منعقدہ این ڈی اے رہنماؤں کی ایک اہم میٹنگ میں متفقہ طور پر کیا گیا۔