رادھا کرشنن کیساتھ پہلی آل پارٹی میٹنگ : ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے پر اتفاق

   

نئی دہلی۔ 7 اکتوبر ( یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی۔ رادھا کرشنن نے منگل کے روز ایوان میں موجود تمام جماعتوں کے قائدین پر زور دیا کہ وہ ایوان کی کارروائی کے ہر لمحے کو جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کریں اور تمام قائدین نے انہیں ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ راجیہ سبھا کی صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی بار رادھا کرشنن نے آج شام یہاں تمام پارٹیوں کے لیڈروں کی میٹنگ بلائی۔ مقصد یہ تھا کہ ایوان کی کارروائی کو بغیر کسی رکاوٹ کے ہموار طریقہ سے چلانے اور طے شدہ موضوعات پر زیادہ سے زیادہ بحث کرنے کے لیے رہنماؤں سے تجاویز حاصل کی جائیں۔ مسٹر رادھا کرشنن کو گزشتہ ماہ ہی نائب صدر منتخب کیا گیا ہے ۔ رادھا کرشنن کے دفتر نے بتایا کہ چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ بات چیت اور بحث پارلیمانی جمہوریت کے بنیادی عناصر ہیں۔ انہوں نے تمام قائدین پر زور دیا کہ وہ ایوان میں زیرو آور، وقفہ سوالات اور خصوصی تذکروں کے دوران عوامی اہمیت کے مسائل کو اٹھائیں اور دستیاب وقت کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔