ویلنگٹن۔ نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر انگلینڈ دورے سے پہلے زخمی ہوگئے ہیں۔ لنکن میں پریکٹس کے دوران انہیں چوٹ لگی ہے اور نیوزی لینڈ کرکٹ نے ان کے پنڈلی میں کھینچاؤ کی تصدیق کی ہے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ایک بیان میں کہا اگلے ہفتے انگلینڈ کے لئے روانہ ہونے اور ٹسٹ ٹیم میں شامل ہونے سے پہلے ٹیلر فٹنس کیمپ میں لوٹیں گے ۔دریں اثنائنیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے تسلیم کیا ہے کہ ٹیلر کا زخم تھوڑا تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہاآپ چوٹ کے سلسلے میں ہمیشہ سے ہی پریشان رہتے ہیں لیکن ٹیلر جوٹیم کے سب سے اہم ٹسٹ کھلاڑی ہیں اگر انہیں چوٹ لگے تو آپ کے لئے پریشانی اور بھی بڑھ جاتی ہے ۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ سب کچھ صحیح ہو۔ ہمارے پاس ابھی وقت ہے لیکن ہمیں اپنی طبی ٹیم کی رپورٹ کا انتظارکرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ونڈ ے سیریز میں بھی ٹیلر کو چوٹ کی وجہ سے باہر ہونا پڑا تھا۔