حیدرآباد ،25 جولائی (ایجسیز) بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھڈانی اپنی آنے والی فلم سری نواسا منگاپورم کے ذریعہ تلگو سنیما میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ فلم میں وہ سوپر اسٹار مہیش بابو کے بھتیجے جیاکرشنا گھٹامانینی کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ اجے بھوپتی کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 30 جولائی کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔فلم کو پی کرن نے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ تجربہ کار فلم ساز اشونی دت نے اسے پیش کیا ہے۔ اپنی پہلی تلگو فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے راشا نے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کی جانب خاص طور پر اس لیے متوجہ ہوئیں کیونکہ فلم میں ہیرو اور ہیروئن دونوں کے کرداروں کو یکساں اہمیت دی گئی ہے۔ راشا کے مطابق ہدایت کار اجے بھوپتی نے ابتدا ہی میں واضح کر دیا تھا کہ فلم کی کہانی میں دونوں مرکزی کردار یکساں طور پر اہم ہیں۔ انہوں نے کرداروں کی تشکیل کے لیے ہدایت کارکے انداز کی بھی تعریف کی اورکہا کہ ہرکردار پر دی گئی توجہ ان کے پروجیکٹ کے تئیں جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔ راشا ابھی تلگو زبان سیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے شوٹنگ کے دوران اجے بھوپتی کے تعاون کو بھی یادکیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ جب انہیں زبان کی وجہ سے کسی منظرکو سمجھنے میں دشواری پیش آتی تھی تو ہدایت کار بعض اوقات انہیں ہندی میں بھی سمجھاتے تھے۔ جذباتی مناظرکی شوٹنگ کے دوران بھی انہوں نے راشا کو تیاری کے لیے مناسب وقت دیا اور ان پر جلدی کرنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا۔اپنے ساتھی اداکار جیا کرشناکے بارے میں راشا نے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنا بہت خوشگوار تجربہ رہا۔ ان کے مطابق جیا کرشنا بظاہر خاموش نظر آتے ہیں، لیکن سیٹ پرکافی شرارتی اور زندہ دل ہیں۔ دونوں نے شوٹنگ کے وقفوں کے دوران بورڈگیمز بھی کھیلے، جہاں راشا نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھی اداکار اکثر کھیل میں دھوکا دیتے تھے۔فلم کی شوٹنگ کے دوران راشا کو تجربہ کار اداکار موہن بابو اور پروڈیوسر اشونی دت سے بھی ملاقات اور بات چیت کا موقع ملا۔ انہوں نے بتایا کہ موہن بابو نے اپنے طویل فلمی کیریئر کے کئی واقعات سنائے۔