راشد خان اور ان کے تین بھائیوں کی شادی

   

کابل ۔ افغانستان کے مایہ نازکرکٹر راشد خان نے 26 سال کی عمر میں شادی کر لی۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پشتون رسم و رواج کے مطابق شادی ہوئی ہے۔افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان نے اپنے رشتہ داروں کے درمیان شادی کر لی ہے۔ راشد کے ساتھ ان کے تین بھائیوں کی بھی شادی ہوگئی۔ یعنی راشد خان اور ان کے تینوں بھائیوں کی شادی ایک ہی دن ہوئی۔ اس دوران افغانستان کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی موجود تھے۔کابل میں منعقد ہونے والی اس شادی کی تقریب کی کئی تصاویر منظر عام پر آ چکی ہیں۔ تاہم راشد نے شادی کرکے اپنا ایک پرانا وعدہ توڑدیا ہے۔ راشد خان کی شادی کابل میں امپیریل کانٹی نینٹل میں ہوئی ۔ شادی کی خوشی میں ہوٹل کے باہر پٹاخے جلائے گئے۔ راشد کی شادی میں افغانستان کے کرکٹرز نے شرکت کرکے تقریب میں رونقیں بڑھا دیں۔ شادی میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او نصیب خان، ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی محمد نبی، عظمت اللہ عمرزئی، نجیب اللہ زدران، رحمت شاہ اور مجیب الرحمان سمیت کئی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔