راشد خان کا آل راؤنڈ مظاہرہ ،بنگلہ دیش مشکلات میں

   

چٹگانگ ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان ٹیم کے نوجوان کپتان راشد خان نے پہلے بیٹنگ میں کریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد بنگلہ دیش کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرتے ہوئے یہاں کھیلے جارہے واحد ٹسٹ کے دوسرے دن اپنی ٹیم کو مستحکم موقف میں لا کھڑا کیا ہے۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر میزبان بنگلہ دیشی ٹیم افغانستان کے 342 رنز کے جواب میں 194 رنز اسکور کرلئے ہیں لیکن اس کے 8 وکٹس پویلین لوٹ چکے ہیں۔ دن کے اختتام پر تیج السلام 14 رنز اور مصدق حسین 44 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں لیکن بنگلہ دیش صورتحال انتہائی نازک ہے۔ قبل ازیں افغانستان نے اپنے کل کے اسکور 271/5 سے آگے کھیلنا شروع کیا جس میں پہلی مرتبہ کپتانی کرنے والے راشد خان نے 61 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 51 رنز اسکور کئے جبکہ سابق کپتان اصغر افغان بہترین بیٹنگ کرنے کے باوجود 8 رنز کی کمی سے سنچری بنانے سے محروم رہے۔ انہوں نے 260 گیندوں میں 3 چوکوں اور دو چھکوں پر مشتمل اننگز میں 92 رنز اسکور کئے۔ بورڈ پر 342 رنز درج کرنے کے بعد افغانستان کے بولروں نے بھی شاندار شروعات کی اور پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر میزبان اوپنر شادمان اسلام کو یامین احمد زئی نے افسر زازائی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواتے ہوئے بنگلہ دیش کو پہلا جھٹکا دیا جس کے بعد وہ سنبھل نہیں پائی اور ایک موقع پر لنچ کے وقفہ تک 88 رنز پر ہی پانچ وکٹیں گنوا چکی تھی۔ میڈل آرڈر میں مومن الحق نے 71 گیندوں میں 52، لیٹن داس نے 33 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی۔ افغانستان کیلئے نوجوان کپتان راشد خان نے 47 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ بولر یامین کو ایک وکٹ حاصل ہوئی۔ یاد رہے اس سیریز سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم میں ورلڈ کپ کے مایوس کن مظاہروں کے بعد انقلابی تبدیلیاں کرتے ہوئے راشد کو تینوں طرز کی ٹیموں کا کپتان بنایا ہے۔