ملبورن ۔8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی ٹی20 لیگ بگ بیش میں حارث رؤف کی شاندارکارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا اور آسٹریلیائی لیگ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔ بگ بیش میں ڈیل اسٹین کے زخمی ہونے پر میلبورن اسٹارز نے حارث رؤف کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔ پاکستان سوپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کی نمائندگی کر کے شہرت حاصل کرنے والے حارث رؤف اب اپنی عمدہ بولنگ سے بیرون ملک بھی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ حارث رؤف نے پہلے میچ سے ہی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام میچوں میں اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلے میچ میں دو وکٹیں لینے کے بعد اگلے میچ میں وہ بہترین فارم میں نظر آئے اور پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔ اس کے بعد اسٹین صحتیاب ہوئے تو حارث رؤف کو اگلے دونوں میچوں میں آرام کرا دیا گیا جس میں سے ایک میں میلبورن اسٹارزکو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ دو میچوں کے بعد میلبورن اسٹارز نے ایک مرتبہ پھر حارث کو موقع دینے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے ایک مرتبہ پھر اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد میلبورن اسٹارز نے حارث کو مزید ایک میچ میں آرام کرادیا اور اس کے بعد سڈنی تھنڈرز کے خلاف میچ میں انہیں دوبارہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا۔ انہوں نے ایک مرتبہ عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے اننگز کے آخری اوور میں لگاتار تین گیندوں پر سڈنی تھنڈرز کے میتھیو گلکس، کلم فرگیوسن اور ڈینیئل سیمز کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا۔ حارث نے اپنے 4 اوورزمیں 23 رنزکے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس عمدہ کارکردگی کی بدولت حارث بگ بیش کے صرف 4 میچوں میں 13 وکٹیں لے چکے ہیں اور زیادہ وکٹیں لینے والے بولروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ حارث رؤف کی یہ ہیٹ ٹرک اس لحاظ سے منفرد ہے کہ آج دن کے پہلے میچ میں افغانستان کے راشد خان نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی سکسرز کے خلاف ہیٹ ٹرک کا کارنامہ دیا تھا۔ بگ بیش کی تاریخ میں اب تک بولروں نے صرف چارہیٹ ٹرک لئے ہیں جہاں اس سے قبل اینڈریو ٹائی کو دو جبکہ شیویئر ڈوہرٹی اور جوش لیلر کو ایک ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔