مانچسٹر۔19 جون (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کی انگلش بیٹسمینوں ہاتھوں بری طرح درگت بنی جنہوں نے اپنے 9 اوورز میں 110 رنز دے ڈالے جو ورلڈ کپ میں کسی بھی بولر کی سب سے مہنگی بولنگ کا ریکارڈ بھی بن گیا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کے میڈیم فاسٹ بولر مارٹن سنیڈن نے 1983ورلڈ کپ میں انگلینڈ کیخلاف 12 اوورز میں 105 رنز دیئے تھے۔آسٹریلیا کے مک لوئیس ون ڈے میچوں میں سب سے مہنگے بولر ہیں جنہوں نے وانڈررز پر کھیلے گئے جنوبی افریقہ کیخلاف مشہور ونڈے میں 113 رنز دیئے تھے۔ افغان لیگ اسپنر راشد خان کیخلاف اس میچ میں 11 چھکے لگائے گئے جو ونڈے کرکٹ میں نیا ریکارڈ اور 1999 کے بعد کسی بین الاقوامی مقابلے میں ایک بولر کیخلاف چھکوں کی سب سے بڑی تعداد بھی ہے۔ مورگن نے راشد خان کیخلاف 7چھکے لگا کر ایک بولر کیخلاف اننگز میں زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ بھی بنایا جو اس ورلڈ کپ میں 22 چھکے لگا چکے ہیں۔حیران کن طور پر انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2007 میں نو میچوں میں 22 چھکے لگائے تھے جو ایک ایونٹ میں اس کی جانب سے سب سے بڑی تعداد تھی۔ورلڈ کپ کے 72 میچوں میں 130 چھکے لگانے والی انگلش ٹیم ابھی تک رواں میگا ایونٹ میں 5میچوں میں 47 چھکے لگا چکی ہے۔