راشد خاں گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے نائب صدر مقرر

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ /7 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو نے نامپلی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے یوتھ لیڈر محمد راشد خاں کو گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کا نائب صدر مقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں احکامات تقرر حوالے کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے انہیں عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ نوجوانوں کو کانگریس پارٹی سے قریب کرنے میں راشد خاں اہم رول ادا کرسکتے ہیں جنہوں نے گزشتہ تین اسمبلی انتخابات میں امیدوار فیروز خاں کے حق میں سرگرم انتخابی مہم چلائی تھی۔ بعد میں راشد خاں نے تقرر پر انجن کمار یادو سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان پر جو ذمہ داری عائد کی گئی ہے وہ اسے تہہ دل سے قبول کرتے ہوئے خود کو عوامی خدمت کیلئے وقف کردیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ کانگریس پارٹی سے وابستہ ہوجائیں کیونکہ ملک کے موجودہ حالات میں صرف کانگریس پارٹی ہی فرقہ پرست طاقتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار فرقہ پرست بی جے پی حکومت نے نہ صرف شریعت میں مداخلت کی بلکہ کشمیر کی دفعہ 370 کو ختم کرتے ہوئے کشمیری عوام کو مصائب میں مبتلاء کردیا۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے ذریعہ عوام پر نت نئے بوجھ عائد کئے گئے۔ بی جے پی اور سنگھ پریوار ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی برسر اقتدار ٹی آر ایس اور اس کی حلیف مجلس دونوں بی جے پی کی تائید کررہے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر حکومت سے 12 فیصد مسلم تحفظات اور مسجد یکخانہ عنبر پیٹ کی تعمیر جیسے وعدوں پر عمل آوری کے بارے میں سوال کیا۔