چٹگانگ ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کے سب سے کم عمر کپتان ہونے کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ رواں سال ہونے والے ورلڈ کپ 2019 میں افغانستان کی ناقص کارکردگی کے بعد 20 سالہ راشد خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب بنگلہ دیش کی قیادت شکیب الحسن کررہے ہیں۔ افغانستان کا مقابلہ ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم (چٹاگانگ) میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش سے ہے۔ کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔راشد خان نے سب سے کم عمر ٹسٹ کپتان بن کر 15 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، ان کی عمر 20 سال 350 دن ہے جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ زمبابوے کے سابق وکٹ کیپرتا ٹنڈا تیبو نے بنایا تھا جن کی عمر 20 سال 358 دن تھی۔راشد خان نے صرف 8 روز کے فرق سے یہ ریکارڈ توڑ اجو تا ٹنڈا تیبو نے2004 میں سری لنکا کے خلاف ہرارے میں کھیلے گئے ٹسٹ میں قائم کیا تھا۔اس کے علاوہ راشد خان بین الاقوامی کرکٹ کے سب سے کم عمر ترین کپتان بھی رہ چکے ہیں، اْس وقت اْن کی عمر محض 19 سال تھی۔ واضح رہیکہ افغانستان کو ٹسٹ موقف ملنے کے بعد بنگلا دیش کے خلاف ان کا تیسرا ٹسٹ ہے، پہلے ٹسٹ میں افغانستان کو ہندوستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے ٹسٹ میں افغانستان کی ٹیم نے آئرلینڈ کو شکست دی ہے۔