دہرادون ۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان نے محمد نبی (81) اور لیگ اسپنر راشد خان کی ہیٹ ٹرک سمیت پانچ وکٹوں کی بدولت آئرلینڈ کو تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں 32 رنوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کیا ہے۔ افغانستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 210 رنز بنائے ، جس کے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 178 رن ہی بناسکی۔ اس میچ میں راشد خان نے ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ افغانستان کے اسٹار کھلاڑی راشد خان نے 16 ویں اوور کی آخری گیند پر کیون او برائن ( 74 رن ) کو آوٹ کیا جبکہ اپنے اگلے اوور کی تین گیندوں پر تین کھلاڑیوں ( جارج ڈاکرل ، شین گیٹکاٹے اور سمی سنگھ ) کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس طرح انہوں نے لگاتار چارگیندوں پر چار وکٹ لئے۔ وہیں ٹی20 کرکٹ میں ایسا کرنے والے وہ واحد بولرہیں جبکہ ونڈے کرکٹ میں ایسا سری لنکا کے لستھ ملنگا نے کیا ہے۔ انہوں نے 2007 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ راشد خان ٹی 20 میں ہیٹ ٹرک لینے والے دنیا کے پہلے اسپنر بھی بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے سبھی چھ ہیٹ ٹرک فاسٹ بولروں نے لئے ہیں ، جس میں بریٹ لی ، جیکب اورم ، ٹم ساودی ، تسارا پریرا ، لستھ ملنگا اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ علاوہ ازیں افغانستان نے آئرلینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں بہ آسانی شکست دے کر 10 ٹوئنٹی 20 جیتنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ وہ لگاتار 11 ٹی 20 میچ جیتنے کے اپنے ورلڈ ریکارڈ کو دوہرانے سے صرف ایک قدم دور ہے جبکہ پاکستان نے گزشتہ سال لگاتار 9 میچ جیتے تھے۔