شارجہ ۔ افغانستان کے لیجنڈ اسپنر راشد خان نے اپنی 26 ویں سالگرہ تاریخی انداز میں منایا ۔ اس خاص موقع پر انہیں دو انتہائی قیمتی تحائف ملے۔ سب سے پہلے ان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح درج کی اور ونڈے سیریز اپنے نام کرلی ۔ افغانستان نے شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں جنوبی افریقہ کو177 رنز سے شکست دے کر3 میچوں کی ونڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔ دوسری جانب راشد خان نے 9 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ونڈے میچ میں اپنی سالگرہ کے موقع پر ایسا کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔ راشد خان نے شارجہ میں 311 رنزکا دفاع کے موقع پر اپنی بولنگ میں ٹونی ڈی جارجی، ٹریسٹین اسٹبس، ایڈن مارکرم، کائل ویری اور ویان مولڈرکو پویلین کی راہ دکھائی۔ اپنی سالگرہ پر5 وکٹیں لینے والے راشد نے نہ صرف جنوبی افریقہ کو شکست دینے میں کلیدی رول ادا کیا بلکہ 17 سال بعد اسی ملک کے لیجنڈری بولر ورنان فلینڈر کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ فلینڈر نے2007 میں اپنی سالگرہ کے موقع پر آئرلینڈ کے خلاف ونڈے میں 12 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ ایسا کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے تھے ۔ انگلینڈ کے لیجنڈری بولر اسٹورٹ براڈ 2010 میں اپنی سالگرہ پر 4 وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بنے ۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ راشد نے دونوں بولروں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور ونڈے میں اپنی سالگرہ پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 1998 میں پیدا ہونے والے راشد خان کی عمر اب 26 سال ہے۔ انہوں نے 2015 میں زمبابوے کے خلاف ونڈے میچ میں اپنے بین الاقوامی کیریئرکا آغاز کیا۔ اسی سال انہوں نے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں بھی قدم رکھا اور 3 سال بعد سال 2018 میں انہوں نے اپنا پہلا ٹسٹ میچ ہندوستان کے خلاف کھیلا۔ اپنے 9 سالہ کیرئیر میں انہوں نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔ وہ صرف 17 سال کی عمر میں آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا ۔ وہ ایسا کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین 50 وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ انہوں نے صرف26 میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 44 میچوں میں انجام دیا۔علاوہ ازیں مذکورہ مقابلے میں افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو312 رنز کا ہدف دیا ۔ اس کا تعاقب کرتے ہوئے پوری ٹیم صرف134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان ٹیمبا باوما کے 73 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد راشد خان نے 20 سالہ بائیں ہاتھ اسپنر نانگیلیا کھروٹے کے ساتھ بولنگ کی کمان سنبھالی۔ دونوں نے مل کر 9 وکٹیں حاصل کیں اور جنوبی افریقہ کو مکمل تباہ کردیا ۔ خروٹے نے راشد کا ساتھ دیا اور 6.2 اوورز میں صرف 26 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔افغانستان کیلئے مقابلے کے بہترین کھلاڑی تو راشد خان رہے لیکن پہلے بیٹنگ کے موقع پر افغان اوپنر رحمت اللہ گرباز نے تین چھکوں اور 10 چوکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 105 اور عظمت اللہ نے صرف 50 گیندوں میں پانچ چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 86 رنز بنائے ۔دونوں ٹیموں کے درمیا ن تیسرا اور آخری ونڈے اتوار کو کھیلا جائے گا ۔