چاٹوگرام ۔21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش میں رواں ٹونٹی 20 سہ رخی سیریز میں زمبابوے کے کپتان ہملٹن مسکڈزا اپنے کیریئر کا فاتحانہ اختتام کرنے میں کامیاب رہے جب انہوں نے 71 رنز کی برق رفتار اننگز کی بدولت افغانستان کی مسلسل فتوحات کا عالمی ریکارڈ 12 مقابلوں تک محدودکردنے کے علاوہ حریف کپتان راشد خان کی سالگرہ کی تقریب کا مزا خراب کردیا ۔ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں ایونٹ کے پانچویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رحمن اللہ گلباز کے 61 اور حضرت اللہ زازئی کے 31 رنزکی بدولت 83 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد 8 وکٹوں پر 155رنز بنائے۔مرد میدان کرس امپوفو نے چار وکٹیں حاصل کیں۔جوابی اننگز میں ہملٹن مسکدزانے چار چوکوں اور پانچ چھکوں پر مشتمل 71 رنز بنا کر سات وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ اپنے بین الاقوامی کیریئر کا بھی فاتحانہ اختتام کیا۔18 برس سے زائد عرصے پر مشتمل کیریئر کے اختتامی میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ہملٹن مسکدزا کو میدان میں داخل ہوتے وقت گارڈ آف آنر پیش کیا۔