راشن شاپس سے حصول اشیاء کے لیے مزید سہولتیں

   

انگوٹھے کے نشان کیساتھ ایئرش کا حصول ، 16 اضلاع میں نئے راشن دکانات کا قیام ، اکون سبھروال
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : محکمہ سیول سپلائز نے عوام کو راشن شاپس سے اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لیے مزید سہولت فراہم کی ہے ۔ انگوٹھے کے نشان کے ساتھ ائرش کے ذریعہ اشیاء فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 16 اضلاع میں 5186 شاپس میں اس سہولت کا آغاز کرتے ہوئے 4 دن میں 15.20 لاکھ افراد میں اشیاء سربراہ کی گئی ہے ۔ کمشنر سیول سپلائز اکون سبھروال نے اضلاع سرسلہ اور سدی پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے ائرش نظام کا جائزہ لیا ۔ تلنگانہ سیول سپلائز نے عوامی تقسیم نظام کے ذریعہ سربراہ کی جانے والی اشیاء میں مزید آسانیاں اور سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے ہیں پہلے انگوٹھے کے نشان پر ہی اشیاء سربراہ کی جاتی تھی لیکن اب اس میں ائرش کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔ جاریہ ماہ یکم جنوری سے پہلے مرحلے میں ریاست کے 16 اضلاع کے 5186 راشن شاپس پر اس سہولت کا آغاز کیا گیا ہے ۔ تقریبا ایک سال سے محکمہ سیول سپلائز آئی پاس ، بائیو میٹرک نظام کے ذریعہ عوام میں اشیاء ضروریہ تقسیم کررہا ہے ۔ تاہم اس نظام میں چند افراد کے بالخصوص معمرین اور خواتین کے انگوٹھے کے نشان میاچ نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو راشن شاپس سے اشیاء ضروریہ حاصل کرنے میں کافی دشواریاں پیش آرہی تھی ۔ ایسے افراد کے لیے مقامی علاقوں کے وی آر اوز ، وی اے اوز ، محکمہ سیول سپلائز کے انسپکٹرس کی تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا تھا ۔ اس میں بھی چند مقامات پر بے قاعدگیاں ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔ پیدا شدہ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے ائرش نظام پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست کے 17200 راشن شاپس پر مرحلہ واری اساس پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس کے پیش نظر یکم جنوری سے پہلے مرحلے میں ریاست کے 16 اضلاع میں 5186 راشن شاپس پر ائرش نظام پر عمل کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیول سپلائز نے کہا کہ اس نظام پر ساری ریاست میں عمل آوری ہوگی ۔ بغیر کسی بے قاعدگیوں کے تمام اہل افراد کو ائرش نظام کے تحت راشن شاپس کے ذریعہ اشیاء ضروریہ تقسیم کی جائے گی ۔ پہلے مرحلے میں اضلاع عادل آباد ، ناگر کرنول ، سوریہ پیٹ ، کھمم ، نلگنڈہ ، کتہ گوڑم ، گدوال ، نرمل ، بھونگیر ، منچریال ، کاماریڈی ، جگتیال ، سدی پیٹ ، محبوب نگر ، سرسلہ ، پداپلی کے جملہ 8635 راشن شاپس میں 5186 راشن شاپس پر یکم جنوری سے نئے نظام پر عمل کیا جارہا ہے ۔ صرف چار دن میں 15.20 لاکھ افراد نے اشیاء ضروریہ حاصل کیا ہے ۔۔