راشن شاپس پر آئندہ سے 3 ماہ کا ایک ساتھ راشن تقسیم

   

نظام آباد: 25/ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حکومت کی ہدایات کے مطابق عوامی تقسیم نظام کے تحت آئندہ تین ماہ کے راشن کوٹے کو ایک ساتھ تقسیم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار نظام آباد ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے صحافت کے لیے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں بتایا انہوں نے کہا کہ جون، جولائی اور اگست کے مہینوں کا چاول راشن دکانوں کے ذریعے راشن کارڈ رکھنے والے افراد کو ایک ساتھ حاصل ہو سکے گا۔ اس کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سستے داموں کی راشن دکانوں کے ڈیلروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تین مہینوں کا کوٹہ حاصل کر کے صارفین کو ایک ہی وقت میں تقسیم کریں۔انہوں نے کہا کہ یکم؍ جون سے 30؍ جون کے درمیان تقسیم کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اگر چاول کی تقسیم میں کوئی بے قاعدگی یا تاخیر پائی گئی تو متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مانسون کے موسم میں ممکنہ بارش، سیلابوں اور ذخیرہ کرنے کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ لیا ہے ۔ضلع کلکٹر مسٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے بتایا کہ سیو ل سپلائی محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کی ہدایات کے مطابق راشن دکانوں تک چاول کے ذخیرے کو بروقت پہنچائیں اور راشن کارڈ ہولڈرز کو ان کے کوٹے کے مطابق تین ماہ کا راشن ایک ساتھ دیا جائے۔ ایم ایل ایس پوائنٹس سے راشن دکانوں تک سامان کی منتقلی اور چاول کے ذخیرے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیا جا رہا ہے۔