نہرو سے منموہن سنگھ تک کوئی روایت نہیں، نرملا سیتا رامن سے استعفی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن سے استعفی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ کے بارے میں مرکزی وزیر نے گمراہ کن بیانات جاری کئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور، رکن کونسل ٹی راجیشور ریڈی اور رکن کونسل کے نارائن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی مختلف شعبہ جات میں بہتر کارکردگی کا مرکز نے ایک سے زائد مرتبہ اعتراف کیا ہے۔ کئی مرکزی وزراء نے تلنگانہ کی ترقی کو مثالی قرار دیا لیکن نرملا سیتا رامن حقائق کی پردہ پوشی کرتے ہوئے سیاسی مقصد براری کیلئے ٹی آر ایس حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ قائدین نے کہا کہ مرکزی وزیر فینانس کے تلنگانہ دورہ سے عوام اور حکومت نے کئی توقعات وابستہ کی تھیں ہمیں امید تھی کہ نئی ریاست تلنگانہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر نرملا سیتا رامن اظہار خیال کریں گی لیکن انہوں نے عوام کو مایوس کردیا ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ مرکز کی معاشی صورتحال کے مقابلہ تلنگانہ ریاست کا معاشی موقف مستحکم ہے۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کیلئے فنڈز کی اجرائی میں ناانصافی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر فینانس نے راشن شاپس کا دورہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کو دھمکانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو سے منموہن سنگھ تک کسی بھی دور میں راشن شاپ پر وزیر اعظم کی تصویر نہیں لگائی گئی لیکن بی جے پی حکومت نریندر مودی کی تصویر کیلئے دباؤ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اسکیمات کو نام بدل کر ریاستی اسکیمات قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ر