حیدرآباد۔ کورونا کی صورتحال میں فیئر پرائس شاپس سے عوام کو چاول اور دیگر غذائی اجناس کی سربراہی یقینی بنانے کیلئے مرکز نے راشن شاپس کو مکمل ایک ماہ کھلا رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکز کی جانب سے ریاستوں کو مشورہ دیا گیا کہ عوام کی سہولت کیلئے دکانات کو کسی وقفہ کے بغیر مکمل ایک ماہ کھلا رکھا جائے۔ تلنگانہ حکومت نے 20 مئی تک راشن شاپس کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حکومت کی جانب سے سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو چاول کی سربراہی اسکیم پر عمل کیا جاسکے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ امکان ہے کہ بہت جلد راشن شاپس کو مکمل ایک ماہ کھلا رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ عام طور پر راشن شاپس مہینہ کے ابتدائی 15 دن کھلے رہتے ہیں اور باقی ایام میں بند رکھا جاتا ہے۔ دوسرے وقفہ میں فیئر پرائس شاپس کے ڈیلرس چاول کی خریدی کیلئے حکومت کو رقم ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر غذائی اجناس کے حصول کیلئے سرکاری اداروں اور رائس ملرس سے ربط قائم کیا جاتا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کورونا کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر راشن شاپس پر طویل قطاروں اور سماجی فاصلہ کی خلاف ورزی کو روکنے کیلئے مرکزی حکومت نے مکمل ایک ماہ تک وقفہ کے بغیر دکانات کھلا رکھنے کی ہدایت دی ہے۔