چاول اور توردال کی سربراہی، صدرنشین سیول سپلائز کارپوریشن کا بیان
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ سیول سپلائز کارپوریشن کے صدرنشین ایم سرینواس ریڈی نے بتایا کہ راشن ڈیلرس کو لاک ڈائون کی مدت میں اپریل اور مئی کے دوران چاول اور تور دال کی اضافی سربراہی کے لیے کمیشن جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی کیلو چاول کے لیے 70 پیسے اور تور دال فی کیلو 55 پیسے کے حساب سے 44.76 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ ماہ مفت چاول کی سربراہی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ماہ جون کا کمیشن ادا کیا جائے گا۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ لاک ڈائون کے دوران روزگار سے محروم افراد کے تحفظ کے لیے راشن کارڈ پر ہر ایک فرد کو 6 کیلو اضافی چاول سربراہ کرنے کے لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ اپریل، مئی اور جون میں اضافی چاول جاری کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کو تور دال جاری کی گئی۔ اپریل میں 3.18 لاکھ میٹرک ٹن چاول کے لیے 22.27 کروڑ، مئی میں 3.26 لاکھ میٹرک ٹن کے لیے 22.52 کروڑ جبکہ اپریل میں 4276 میٹرک ٹن تور دال کی سربراہی کے لیے سربراہ کی گئی جس کے لیے 23.52 لاکھ روپئے کمیشن جاری کیا گیا۔ اس طرح جملہ 44.76 کروڑ راشن ڈیلرس کو بطور کمیشن جاری کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ دھان کی کسانوں سے خریدی کے لیے ڈیلرس کے پاس موجود تھیلے فوری طور پر روانہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ موسم خریف کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور ڈیلرس سے تھیلے حاصل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جون میں ابھی تک 68.12 لاکھ خاندانوں میں 2.74 لاکھ میٹرک ٹن چاول سربراہ کیا گیا۔