راشن کارڈس پر نئے سال سے باریک چاول کی سربراہی

   

رعایتی شرح پر گیہوں سربراہ کرنے کا منصوبہ: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز این اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ نئے سال سے تمام سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو باریک چاول سربراہ کیا جائے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے ریاستی سطح کی ویجلنس کمیٹی کے اجلاس میں یہ انکشاف کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی میں راشن کارڈ ہولڈرس کو فائن رائس کی سربراہی کا انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو بہتر معیار کا فائن رائس سربراہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ رعایتی شرح پر گیہوں سربراہ کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے راشن ڈیلرس کو چاول کی غیر قانونی منتقلی اور فروغ کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ راشن چاول کی دیگر اغراض کیلئے منتقلی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ راشن شاپس کی ڈیلرشپ منسوخ کی جاسکتی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فیر پرائز شاپس کی مخلوعہ 1629 جائیدادوں پر جلد تقررات کریں۔ وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت غیر معیاری چاول کی سربراہی کی شکایت کی۔ وزیر سیول سپلائیز نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسکولس اور ہاسٹلس میں طلبہ کو معیاری چاول اور صحت بخش غذا کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ 1