بھٹی وکرامارکا کا مطالبہ ، مستحقین کو نئے کارڈس جاری کئے جائیں
حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے راشن کارڈس پر چاول کے علاوہ دیگر اجناس کی سربراہی کا مطالبہ کیا۔ ریاست میں آج سے راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز ہوا ہے ۔ اس موقع پر سی ایل پی لیڈر نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس حکومت نے اماں ہستم اسکیم کے تحت چاول کے علاوہ 9 دیگر اجناس کی تقسیم کو یقینی بنایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں راشن کارڈس صرف چاول تک محدود ہوچکے ہیں۔ دولتمند ریاست کا دعویٰ کرنے والے کے سی آر نے 9 غذائی اجناس کی سربراہی کو روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف اعلانات تک محدود ہوچکی ہے۔ حکومت کا ہر اعلان صرف انتخابی فائدہ کے لئے ہے۔ انہوں نے تمام اہل اور مستحق خاندانوں کو راشن کارڈس کی منظوری کا مطالبہ کیا۔