کارڈ گیرندوں کو غلط باور کروایا جارہا ہے، محکمہ سیول سپلائز کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) راشن کارڈ کو کے وائی سی کروانے کیلئے شہریوں کو غلط باور کیا جارہا ہے۔ محکمہ سیول سپلائز نے آج اس سلسلہ میں ایک اہم بیان کو جاری کرتے ہوئے غلط فہمیوں کا ازالہ کیا ہے اور بتایا کہ کے وائی سی کروانے کیلئے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی اور نہ ہی مہلت کے تعلق سے کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔ سیول سپلائی کے عہدیداروں نے بتایا کہ سماج میں جھوٹا پروپگنڈہ پھیلایا جارہا ہے اور غلط افواہ کو عام کیا جارہا ہے۔ محکمہ سیول سپلائی کے عہدیداروں نے عوام سے درخواست کی ہیکہ وہ ایسی کسی اطلاع پر یقین نہ کریں۔ عہدیدراوں نے ان اطلاعات کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہیکہ کے وائی سی نہ کروانے والوں کے نام کو راشن کارڈز سے حذف کردیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ مرکزی حکومت نے ریاستوں کو ہدایت دی ہیکہ راشن کارڈز استفادہ کنندگان کے کے وائی سی عمل کو مکمل کیا جائے۔ مرکزی حکومت کی اس ہدایت پر تلنگانہ محکمہ سیول سپلائز جنوری تک اس عمل کو مکمل کرنے کے اقدامات کررہا ہے لیکن اس دوران جھوٹا پروپگنڈہ جاری ہے۔ یاد رہیکہ ریاستی وزیر سیول سپلائی تلنگانہ جی کملاکر نے بھی اس سلسلہ میں وضاحت کردی تھی کہ ایک پروپگنڈہ ہے۔ مرکزی حکومت کو کے وائی سی عمل روکنے کیلئے ایک خط لکھا ہے، بہت سے ایسے شہری جن کے نام راشن کارڈز میں ہیں، وہ دوسرے علاقوں اور مقامات پر ہیں اور وہ مرکزی حکومت کی اس ہدایت سے پریشانی کا شکار ہیں۔ع