راشن کارڈ ہولڈرس 31جنوری تک e-KYCکا عمل مکمل کرلیں

   

کمشنر سیول سپلائز کے احکامات۔ تاحال 70 فیصد کارڈ ہولڈرس نے مکمل کرلیا
حیدرآباد۔/31 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) محکمہ سیول سپلائز نے راشن کارڈ ہولڈرس کیلئے KYC کی تکمیل کیلئے 31 جنوری تک مہلت دی ہے۔ سیول سپلائز کمشنر ڈی ایس چوہان نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ تلنگانہ میں راشن شاپ ڈیلرس گذشتہ دو ماہ سے e-KYCحاصل کررہے ہیں جس کے تحت آدھار کارڈ کی تصدیق، انگلیوں کے نشانات اور آنکھوں کی شناخت لی جارہی ہے۔ ریاست بھر میں ابھی تک 70.80 فیصد کارڈ ہولڈرس نے یہ عمل مکمل کرلیا ہے۔ میڑچل ملکاجگیری میں 87.81 فیصد کارڈ ہولڈرس نے کے وائی سی کا عمل مکمل کرکے ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ ونپرتی 54.17 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔ عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ 31 جنوری تک KYC کا عمل مکمل کرلیں۔ 2014 کے بعد سے راشن کارڈز ہولڈرس کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ راشن کارڈ پر چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا اسکیم کے تحت 6 کیلو چاول فراہم کررہی ہے۔ واضح رہے کہ بوگس راشن کارڈز کا پتہ چلانے کیلئےEKYC کا عمل شروع کیا گیا۔ گذشتہ دس برسوں میں کئی افراد کی وفات ہوگئی اور کئی شادی شدہ ہوچکے ہیں، کئی کارڈ ہولڈرس نے اپنی رہائش تبدیل کردی ایسے میں چاول کی اجرائی میں باقاعدگی پیدا کرنے کے وائی سی کی شرط رکھی گئی ہے۔1