راشن کے چاول کی کالابازاری 3 افراد گرفتار،ٹاسک فورس نارتھ زون کی کارروائی

   

حیدرآباد : عوامی نظام تقسیم کے چاولوں کی کالا بازاری میں ملوث 3 افراد کو ٹاسک فو رس نارتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد قدیر ساکن رسول پورہ بیگم پیٹ اپنے ساتھی محمد داؤد ، محمد سمیع ، محمد قدیر ، محمد اکبر اور کریم کے ساتھ مل کر راشن کے چاول حاصل کرتے ہوئے اسے دوسری ریاستوں میں غیرقانونی طور پر فروخت کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ افراد علاقہ بیگم پیٹ ، مشیرآباد اور الوال علاقوں سے عوامی نظام تقسیم کے تحت حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے چاول حاصل کرتے ہوئے اسے عام مارکٹ میں اونچی قیمتوں میں فروخت کررہے تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کیلئے ایک جال بچھایا اور قدیر ، سمیع اور محمد قدیر کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمین ہنوز مفرور ہیں اور ان کے قبضہ سے 165 کنٹل چاول جس کی مالیت 5 لاکھ بتائی جاتی ہے ضبط کرلی اور انہیں متعلقہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا ۔