ممبئی ۔ 7مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر این سی پی شردپوار نے آج مرکز کے بیان کو کہ رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کے سودے کی دستاویزات وزارت دفاع سے سرقہ کرلی گئی ہیں ، صدمہ انگیز قرار دیتے ہوئے اظہار حیرت کیا کہ حکومت کی صیانتی محاذ پر یہ صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ یہ سودا ’’ چند آدمیوں کو فائدہ پہنچانے ‘‘ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے جاننا چاہا کہ حکومت نے سرقہ کے اس واقعہ کی اطلاع پارلیمنٹ کو کیوں نہیں دی ۔ وہ این سی پی کارکنوں سے ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے مخاطب تھے۔ پوار نے وزیراعظم نریندر مودی پر بھی الزام عائد کیا کہ انہوں نے فضائیہ کے پاکستان میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملے کو سیاسی رنگ دے دیا ہے ۔ مرکز نے منگل کے دن سپریم کورٹ کے اجلاس پر کہا تھا کہ رافیل طیارہ سودا سے متعلق دستاویزات سرقہ کرلئے گئے ہیں جس کی وجہ سے اپوزیشن پارٹیوں کو ایک بار پھر حکومت سے سوال کرنے کا موقع مل گیا کہ 58ہزار کروڑ روپئے مالیتی دفاعی سودے کے بارے میں پہلے ہی سے تنازعہ پیدا ہوگیا ہے اور یہ سرقہ اس میں مزید اضافہ کرتا ہے ۔