رافیل طیاروں کی لیموں حفاظت کریں گے : نرملا سیتارامن

,

   

نئی دہلی ۔ 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر نرملاسیتارامن نے آج ایک بیان میں فرانس سے لڑاکا جیٹ طیاروں رافیل راجناتھ سنگھ کو حوالگی کے حوالہ سے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کی لیموں حفاظت کریں گے کیونکہ لیموں کے ذریعہ بری نظر کا توڑ کرنا ہندوستانی تمدن کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رافیل طیاروں کی خریداری سے ہم دفاعی طور پر زیادہ طاقتو ر ہوگئے ہیں اور ہمیں ان طیاروں کی طاقت کی حفاظت کیلئے یہ فیصلہ کرنا ضروری ہوگیا ہے تاکہ ملک کو اس سے فائدہ پہنچے۔ ممکن ہیکہ آپ مجھ سے متفق نہ ہوں اور آپ سمجھتے ہوں کہ یہ صرف ایک وہم ہے کوئی بات نہیں۔ وشواس جن کا ہے میں ان کا ذکر کررہی ہوں۔ اس دیش میں اس کو مہتو (اہمیت) حاصل ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ (راجناتھ سنگھ) نے جو کچھ کیا بالکل درست تھا۔انہوں نے راجناتھ سنگھ کی کارروائی کو ہندوستانی تہذیب و تمدن سے مربوط کرتے ہوئے کہا کہ ہر ہندوستانی ایسا ہی کرتا ہے چاہے ان کا مذہبی عقیدہ کچھ بھی ہو۔ نرملا سیتارامن نے کہا کہ سابق وزیردفاع اور ان کی بیوی نے بحریہ کے جہازوں کا رسم اجراء انجام دیتے ہوئے اپنے اسی یقین کا ماضی میں بھی اظہار کیا تھا۔ سیتارامن نے وزیراعظم نریندر مودی کے تبصرہ کو جو انہوں نے ایک وائرل ہوجانے والے ویڈیو میں کیا تھا، جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ ان پر اعتراض کرسکتے ہیں لیکن انہوںنے جو کچھ کیا قوم اور ملک کی فلاح و بہبود کیلئے کیا۔ ان کا یہ ٹوئیٹر اور مودی کی تقریر ان کی تصاویر کے ساتھ وائرل ہوچکی ہے۔ راجناتھ سنگھ کو فرانس میں شستر پوجا کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔