رافیل معاملت سے بچنے کے لیے سی بی آئی ڈائرکٹر کا تبادلہ: ملو روی

   

تحقیقات سے وزیراعظم خوفزدہ، لوک سبھا انتخابات میں شکست یقینی
حیدرآباد۔11 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد ملو روی نے الزام عائد کیا کہ رافیل جنگی جہازوں کی معاملت میں بے قاعدگیوں کے بے نقاب ہونے کے ڈر سے وزیراعظم نریندر مودی نے سی بی آئی ڈائرکٹر آلوک ورما کو عہدے سے ہٹادیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ وزیراعظم کی صدارت میں منعقدہ سہ رکنی کمیٹی کے اجلاس میں کانگریس کے قائد ملکارجن کھرگے نے تجویز رکھی تھی کہ الوک ورما سے وضاحت طلب کی جائے لیکن اس تجویز کو قبول کیے بغیر انہیں عہدے سے ہٹادیا گیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے الوک ورما کو ڈائرکٹر سی بی آئی کے عہدے پر بحال کرنے کے اندرون 48 گھنٹے مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کا ہنگامی طور پر تبادلہ کرنے کی آخر کیا وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آلوک ورما رافیل جنگی جہازوں کے معاملت میں تحقیقات کا منصوبہ رکھتے تھے اور انہیں روکنے کے لیے مرکز نے عہدے سے علیحدہ کردیا۔ ملو روی نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی دستور میں دیئے گئے اختیارات کا شخصی فائدے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الوک ورما کی علیحدگی کے فیصلے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں جمہوریت کس طرح پامال کی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں جمہوریت کو سنگین خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ ملو روی نے کہا کہ رافیل جنگی طیاروں کی معاملت میں جو بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اس سے عوام اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں اور آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملت کے ذریعہ وزیراعظم اپنے قریبی صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ ملو روی نے کہا کہ اگر وزیراعظم اس معاملت میں ملوث نہیں ہیں تو پھر وہ وہ تحقیقات سے خوفزدہ کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی اس معاملہ میں تحقیقات ہوں گی نریندر مودی بچ نہیں پائیں گے۔