رافیل معاملت میں بے قاعدگیاں ‘ سی پی آئی کا چیف جسٹس کو مکتوب

   

حیدرآباد 12 فبروری ( این ایس ایس ) سی پی آئی نیشنل سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے آج چیف جسٹس آف انڈیا کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے شکایت درج کروائی اور یہ الزام عائد کیا کہ رافیل جیٹ معاملت میں کئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ اس معاملت کا از خود نوٹ لیں اور جو لوگ کروڑہا روپئے کی عوامی رقومات کو لوٹنے کے مرتکب قرار پائیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ اپنے مکتوب میں ڈاکٹر نارائنا نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے اس معاملت کی حقائق کے تعلق سے ملک کی سپریم کورٹ کو تاریکی میں رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی معتمد دفاع نے دفتر وزیر اعظم کی جانب سے اس معاملت میں متوازی مذاکرات پر اعتراض بھی درج کروایا تھا ۔