رافیل معاملت پر وائیٹر پیپر جاری کرنے کا مطالبہ

   

کئی الزامات کے باوجود حکومت کا جواب ندارد : ایس سدھاکر ریڈی
حیدرآباد 12 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی نے آج مطالبہ کیا کہ رافیل معاملت کے مختلف پہلووں پر مشتمل ایک وائیٹ پیپر جاری کیا جائے ۔ سی پی آئی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اس معاملت سے متعلق کئی امور منظر عام پر آ رہے ہیں۔ حالانکہ یہ الزامات بھی ہیں کہ وزیر اعظم کے دفتر نے اس معاملت کیلئے مذاکرات میں مداخلت کی ہے یہ بھی حقیقت ہے کہ وزیر اعظم کے دفتر نے ہی اس تعلق سے یکطرفہ طور پر فیصلہ کرلیا ہے اور ہندوستانی روپیہ بڑے پیمانے پر بیرونی ممالک کو چلا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے کسی بھی سوال کا آج بھی مناسب انداز میں جواب نہیں دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے اس مسئلہ پر کوئی جواب دینے کی بجائے شور شرابہ زیادہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسا کرنا در اصل پارلیمنٹ کی توہین ہے کہ ایوان میں اس مسئلہ پر مباحث کو وقت ضائع کرنا کہا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیتارامن کو پارلیمنٹ میں ایسے ریمارکس کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ شہریت ترمیمی بل کے تعلق سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سے دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔