متوازی مذاکرات سے طیاروں کی ڈیلیوری میں تاخیر، وزیراعظم مودی پاکستان کے پوسٹر بوائے، راہول گاندھی
نئی دہلی ۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) رافیل طیارہ خریدی معاہدہ مسئلہ پر بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے سوال کیا کہ آخر وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف تحقیقات کروانے کا حکم کیوں نہیں دیا جاسکتا۔ طیارہ معاہدہ میں 30 ہزار کروڑ روپئے کے اسکام کیلئے جب تحقیقات شروع ہوئی تو اس لڑاکا طیارہ جیٹ معاہدہ سے متعلق سرکاری دستاویزات کا ہی سرقہ کرلیا گیا۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم اس معاہدہ میں بائی پاس سرجری کررہے ہیں اور حکومت انہیں (مودی کو) ’’بچانے‘‘ کیلئے تحقیقاتی اداروں کے ساتھ سازباز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کے ساتھ انصاف ہونا چاہئے۔ ہر ایک کے خلاف تحقیقات کی جانی چاہئے لیکن مودی کے خلاف تحقیقات جب شروع ہوگی تو وزیراعظم کے دفتر کے سرکاری فائلس ہی لاپتہ ہوگئے جو اس طیارہ کی خریداری معاہدہ میں متوازی بات چیت میں ملوث ہیں۔ اسی متوازی بات چیت سے ہی رافیل طیاروں کی ڈیلیوری میں تاخیر ہوئی ہے کیونکہ مودی چاہتے تھے کہ انیل امبانی کو 30,000 کروڑ روپئے دینا چاہتے تھے۔ راہول گاندھی نے اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال کے تعلق سے حکومت پر تنقید کی جنہوں نے چہارشنبہ کو سپریم کورٹ سے کہا کہ رافیل کی فائیلوںکا وزارت دفاع سے سرقہ کرلیا گیا ہے۔ یہ فائل ’’غائب ہوگئے‘‘ ہیں مودی حکومت کی نئی چال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رافیل فائلس بھی نوجوانوں کو روزگار دینے جیسے وعدے کی طرح غائب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل دلچسپ واقعہ وقوع پذیر ہوا حکومت نے کہا کہ اس معامہ کی میڈیا تحقیقات کرے گی لیکن ان لوگوں کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں ہوگی جو 30,000 کروڑ روپئے کے اسکام میں ملوث ہیں۔ یہ حکومت نریندر مودی کو بچارہی ہے۔ کسی بھی قیمت پر ’’چوکیدار‘‘ کو بچایا جارہا ہے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے اپوزیشن کو پاکستان کے پوسٹر بوائے قرار دینے وزیراعظم مودی کے ریمارک پر جواب دیا کہ اپوزیشن نہیں بلکہ وزیراعظم نریندر مودی ہی پاکستان کے ’’پوسٹر بوائے‘‘ ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کو گلے لگایا تو اس ملک کی جاسوسی ایجنسی آئی ایس آئی کو پٹھان کوٹ مدعو کیا۔ آئی اے ایف کیمپ پر حملے کے بعد مودی نے آئی اے ایس کو مدعو کیا۔ راہول گاندھی کے پوسٹر بوائے ریمارک ایک دن بعد کئے گئے کیونکہ منگل کے دن ہی وزیراعظم نے اپوزیشن کو پاکستان کے پوسٹر بوائے قرار دیا تھا جو پاکستان میں بالاکوٹ میں دہشت گرد کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملہ کا ثبوت مانگ رہی ہے۔