میدک میں 52 دنوں سے بھوک ہڑتال جاری ، ہریش راؤ ، پدما دیویندر ریڈی کے خلاف نعرے بازی
میدک /18 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی میدک میں شامل رامائم پیٹ بلدیہ کو ڈیویژنل ہیڈ کوارٹر بنانے کا مطالبہ اب سخت شدت اختیار کرلیا ہے ۔ کیونکہ جدید اضلاع کی تشکیل اور نئے ڈیویژنل ہیڈ کوارٹر بنانے کے موقع پر رامائم پے کو آر ڈی او کا درجہ عطا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ چنانچہ کانگریس پارٹی کی قیادت میں یہاں کی عوام احتجاج کر رہی ہے ۔ جس کیلئے 52 دنوں سے بھوک ہڑتال کا ا ہتمام جاری ہے ۔ قبل ازیں رامائم پیٹ بند بھی منایا گیا ۔ اور اسی طرح صدر کانگریس ضلع میدک مسٹر کے تروپتی ریڈی کی قیادت میں 17 مئی کو رامائم پیٹ ٹاون میں اس مطالبہ کو لیکر زبردست احتجاجی ریالی منظم کی گئی ۔ جس میں 5 ہزار سے زائد افراد کی شرکت ہوئی ۔ احتجاجیوں نے مقامی رکن اسمبلی ایم پدما دویندر ریڈی ریاستی وزیر ہریش راؤ اور تلنگانہ سرکار کے خلاف زبردست نعرے لگائے ۔ یہ ریالی اندرا گاندھی مجسمہ سے لیکر بس اسٹیشن تک نکالی گئی ۔ تروپتی ریڈی نے کہا کہ رامائم پیٹ قبل ازیں اسمبلی ہیڈ کوارٹر تھا ۔ ریاست میں اسمبلی حلقوں کی جدید تشکیل کے موقع پر اس حلقہ میں شامل منڈلوں کو دوباک ، نرساپور ، میدک اسمبلی حلقہ میں شامل کرکے اسمبلی حلقہ برخواست کردیا گیا ۔ جو ایک ناانصافی ہے ۔ اب جبکہ جدید اضلاع کی تشکیل پر رامائم پیٹ کو ڈیویژنل ہیڈ کوارٹر بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا جو اب تک وفا نہ ہوسکا ۔ رامائم پیٹ کو ترقی نہ دینے کی ذمہ دار پدما ریڈی ہیں ۔ مسٹر تروپتی ریڈی نے کہا کہ رامائم پیٹ میں بس ڈپو کے قیام کیلئے ریاستی وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ نے بھومی پوجا بھی کی تھی لیکن تاحال یہاں بس ڈپو قائم نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے قیام کے 100 دنوں میں ہی رامائم پیٹ کو ڈیویژنل ہیڈ کوارٹر کا درجہ عطا کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ میدک اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس کے امیدوار کو شکست دینے کیلئے کمربستہ ہوجائیں ۔ اس ریالی میں محتلف تنظیموں کے عہدیداروں کے علاوہ کانگریس قائدین مسرز ی رامچندر گوڑ ، ایم انجینیلو رکن پی سی سی پربھاکر ریڈی لنگا گوڑ مہیندر ریڈی ، رمیش ریڈی ، یادگیری ، انجینیلو گوڑ سرینواس ، شنکر کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔