جوہانسبرگ، 24 اگست (یو این آئی) جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے ہفتہ کے روز روس۔یوکرین امن کوششوں پر تبادلۂ خیال کے مقصد سے یورپی رہنماؤں کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ یہ اطلاع صدارتی محل نے اتوار کو دی۔یہ بات چیت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن، یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اور کئی دیگر یورپی رہنماؤں کے ساتھ منعقدہ ملاقاتوں کے بعد ہوئی ہے ۔ صدارتی محل کا کہنا ہے کہ رامافوسا نے زیلنسکی، فرانسیسی صدر ایمانول میکرون اور فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے بات چیت کی۔ رامافوسا نے گزشتہ ہفتے پوتن کی ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے بعد دی گئی معلومات کو سراہا۔ صدر کے ترجمان ونسنٹ میگونیہ نے کہا کہ یورپی رہنماؤں نے کھلے دل سے اپنے خیالات کا اظہار کیاہے ، اس تنازعہ میں شامل دونوں فریقوں سے بات چیت میں جنوبی افریقہ کے کردار کو سراہا اور صدر رامافوسا کی روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی۔ ترجمان میگونیہ نے کہا کہ رامافوسا آئندہ دنوں میں دیگر یورپی رہنماؤں سے بھی بات کریں گے اور صدر نے تمام فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یوکرین اور روس کے درمیان امن بحال کرنے کی رفتار کو برقرار رکھیں۔ میگونیہ نے کہا کہ صدر رامافوسا نے جنگ ختم کرنے کیلئے پختہ عزم کے اظہار کے طور پر روس، یوکرین اور امریکہ کے رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ اور سہ فریقی ملاقاتوں کے فوری ضرورت پر زور دیا۔