راماگنڈم میڈیکل کالج میں سنگارینی ملازمین کے بچوں کو 5 فیصد تحفظات

   

نیٹ کی بنیاد پر 7 نشستوں پر داخلے ، وزیر صحت ہریش راؤ کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔6۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سنگارینی کالریز کے ملازمین کے بچوں کیلئے راماگنڈم گورنمنٹ میڈیکل کالج میں تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے ترمیمی جی او جاری کیا تھا جس کے تحت 150 نشستوں میں 23 نشستیں آل انڈیا کوٹہ کے تحت مختص کی جائیں گی اور باقی 127 نشستوں میں سنگارینی کالریز کے ملازمین کے بچوں کے لئے 5 فیصد نشسیں مختص رہیں گی جس کے تحت 7 نشستیں سنگارینی کالریز کے ملازمین کو حاصل ہوں گی۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے معیاری تعلیم کے لئے مساوی مواقع فراہم کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ حکومت نے سنگارینی کالریز کو ملازمین کے مطالبہ پر راماگنڈم میں قائم کئے گئے میڈیکل کالج میں خصوصی کوٹہ فراہم کیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سنگارینی ملازمین کے بچوں میں مستحق امیدواروں کو ایم بی بی ایس کی تعلیم سے آراستہ کرنے میں یہ فیصلہ مددگار ثابت ہوگا۔ ریاست کی ترقی میں سنگارینی ملازمین کا رول ناقابل فراموش ہے۔ حکومت ان کے بچوں کو اعلیٰ معیاری طبی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے نتیجہ میں سنگارینی ملازمین کے کئی بچے ڈاکٹرس بن سکتے ہیں۔ راماگنڈم میڈیکل کالج میں جملہ 150 نشستیں حاصل رہیں گی۔ مختص کردہ نشستوں پر داخلہ نیٹ میں حاصل کردہ میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے لئے موجودہ تحفظات برقرار رہیں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سنگارینی ملازمین کی نمائندگیوں کا جائزہ لے کر یہ فیصلہ کیا گیا۔ ہریش راؤ نے کہاکہ چیف منسٹر کا یہ فیصلہ ریاست کی جامع ترقی کو فروغ دینے اور سماج کے تمام طبقات کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیا گیا ہے۔ ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔ سکریٹری محکمہ صحت سید علی مرتضیٰ رضوی نے جی او ایم ایس 75 جاری کیا جس میں میڈیکل اورڈینٹل کالجس میں داخلوں کے شرائط میں ترمیم کی گئی۔ر