رکنیت سے نااہلی کا فیصلہ درست،سپریم کورٹ سے رجوع ہونے سابق ارکان کا فیصلہ
حیدرآباد۔10 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق ارکان قانون ساز کونسل راملو نائک اور یادو ریڈی کو آج تلنگانہ ہائی کورٹ سے اس وقت جھٹکا لگا جب رکنیت سے نااہل قرار دینے کے خلاف دائر کردہ درخواست کو مسترد کردیا گیا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے یہ دونوں عدالت سے رجوع ہوئے تھے۔ عدالت نے آج صدرنشین کے فیصلہ کو قانونی اور درست قرار دیتے ہوئے درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ سپریم کورٹ سے رجوع ہورہے ہیں، لہذا الیکشن کمیشن کو دونوں نشستوں کے انتخابات سپریم کورٹ کے فیصلہ تک منعقد نہ کرنے کی ہدایت دی جائے ۔ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو مشورہ دیا کہ وہ سپریم کورٹ سے رجوع ہونے تک کونسل کی دونوں نشستوں پر انتخابات منعقد نہ کرنے پر غور کرے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر راملو نائک اور یادو ریڈی نے ٹی آر ایس سے انحراف کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیارکرلی تھی ۔ ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کی نمائندگی پر صدرنشین کونسل سوامی گوڑ نے دونوں ارکان کو رکنیت سے نااہل قرار دیا تھا ۔
