لکھنؤ ۔ /29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی نے رامپور سے اپنے امیدوار کی حیثیت سے محمد اعظم خان کی اہلیہ تنزین فاطمہ کو ٹکٹ دیا ہے ۔ یہ سیٹ اعظم خان کے لوک سبھا میں انتخابات میں منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی ۔ تنزین فاطمہ کو امیدوار بنانے کا فیصلہ اعظم خان کے حق میں چلنے والی ہمدردی کی لہر سے استفادہ کرنے کیلئے کیا گیا ہے ۔ اعظم خان اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف دھوکہ دہی اور دیگر 84 کیسوں میں ماخوذ کیا گیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی نے آج اتوار کو ضمنی انتخابات کیلئے 5 اسمبلی نشستوں پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔ /21 اکٹوبر کو رائے دہی ہوگی اور /24 اکٹوبر کو نتائج آئیں گے ۔
