نئی دہلی : سماج وادی پارٹی قائد اعظم خان نے جمعرات کے روز اترپردیش پولیس پر زیادتیاں کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ اعظم گڑھ اور رامپور میں لوک سبھا ضمنی انتخابات کے موقع پر پولیس نے مبینہ طور پر اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کیا اور ایس پی لوک سبھا امیدوار کے ساتھ بھی بدتمیزی کی۔ اگر رائے دہی کے تناسب میں کمی ہے تو اس کے لئے پولیس ہی ذمہ دار ہے۔ میں تمام رات جاگتا رہا اور مختلف پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کیا جہاں ہمارے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔ رامپور میں ہر طرف پولیس کی جیپ اور سائرنوں کی آوازیں ہی آرہی تھیں۔ کئی مقامات سے لوگوں کو پکڑ کر پولیس اسٹیشنوں میں لایا گیا اور اُن کی پٹائی کی گئی۔ میں نے یہاں تک سنا ہے کہ رقومات کی منتقلی بھی کی گئی ہے۔