رامچندر راؤ نے کشن ریڈی سے صدارتی ذمہ داری قبول کرلی

   

اگلا نشانہ مقامی اداروں کے انتخابات ہونے کا اعلان ، کانگریس ، بی آر ایس پر تنقید
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ بی جے پی صدر کی حیثیت سے سابق ایم ایل سی رامچندر راؤ بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ۔ اسٹیٹ بی جے پی صدارتی الیکشن آفیسر و مرکزی وزیر شوبھا کرنالاجے نے اس کا اعلان کیا اور انہیں کامیابی کا سرٹیفیکٹ حوالے کیا ۔ رامچندر راؤ نے جی کشن ریڈی سے صدارت کی ذمہ داری قبول کرلی ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر بنڈی سنجے ، پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ڈی کے ارونا ، ڈاکٹر لکشمن کے علاوہ دوسرے اہم قائدین موجود تھے ۔ رامچندر راؤ نے انہیں تلنگانہ بی جے پی کا بلا مقابلہ صدر منتخب کرنے میں مدد کرنے والے پارٹی کے تمام قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے لیے سازگار ماحول ہے ۔ اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی نے 8 ، 8 حلقوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور ساتھ ہی 3 ایم ایل سی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہیں یقین ہے مقامی اداروں کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی اقتدار کے مزید قریب پہونچ گئی ۔ تلنگانہ بی جے پی کے نئے صدر نے کہا کہ پارٹی میں سینئیر جونیر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ پارٹی میں شامل ہونے والے قائدین اس طرح پارٹی کا حصہ بن جائیں گے جس طرح بچے کی پیدائش پر وہ خاندان کا حصہ بن جاتا ہے ۔ پارٹی کو سینئیر قائدین کے تجربہ اور نوجوانوں کے جوش و جذبہ کی ضرورت ہے جب دونوں متحد ہوجاتے ہیں تو کوئی بھی طاقت بی جے پی کی کامیابی کو روک نہیں پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس دونوں جماعتیں تلنگانہ عوام کے اعتماد سے محروم ہوچکی ہیں ۔ عوام امید بھری نظروں سے بی جے پی کو دیکھ رہے ہیں اور تلنگانہ میں بھی ڈبل انجن کی حکومت تشکیل دینے کے حق میں ہے۔ وہ پارٹی قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ نظریاتی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے متحدہ طور پر جدوجہد کریں ۔۔ 2