چندی گڑھ ۔4؍جنوری ( ایجنسیز )ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم، جو دو سادھویوں کی عصمت ریزی اور ایک صحافی کے قتل کے الزام میں سزا کاٹ رہا ہے، کی ایک بار پھر40 دن کی پیرول پر رہائی منظور ہو گئی ہے۔ رام رحیم اس وقت روہتک کی سناریا ڈسٹرکٹ جیل میں بند ہے۔ پیرول کی مدت کے دوران وہ ہریانہ کے سرسا میں واقع ڈیرہ سچا سودا میں ہی رہے گا۔اطلاعات کے مطابق کل شام گرمیت رام رحیم کی پیرول منظور کرلی گئی جس کے بعد جیل انتظامیہ نے اس کی رہائی کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ پیرول کے دوران رام رحیم کو مقررہ شرائط پرعمل کرنا ہوگا اور وہ سرسا ڈیرہ احاطے کے باہر کسی بھی پروگرام میں شرکت نہیں کر سکے گا۔ انتظامیہ کی طرف سے اس کی سرگرمیوں پر سخت نظر رکھی جائے گی۔گرمیت رام رحیم 2017 سے روہتک کی سناریا جیل میں بند ہے۔ اسے دو سادھویوں کی عصمت دری معاملے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، جبکہ صحافی رام چندر چھترپتی کے قتل معاملے میں بھی وہ مجرم قرار دیا جاچکا ہے۔
