غیر حاضر عہدیداروں کو نوٹس جاری کرنے رکن اسمبلی کے احکام
یلاریڈی /6 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل رام ریڈی پریشد کے جنرل باڈی کا اجلاس ایم پی پی دسرتھ ریڈی کی زیر صدارت انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے رکن اسمبلی سریندر نے شرکت کی اور مختلف محکمہ جات میں ترقیاتی کاموں سے متعلق جانکاری حاصل کی اور ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کو کہا ۔ ایم پی ٹی سی پراوین گوڑ نے MPDO وجئے کمار سے سوال کیا کہ اجلاس میں حاضر نہ ہونے والے عہدیداروں کے خلاف کیا کارروائی کریں گے ۔ کسان قرض معافی کا ڈاٹا AO کے پاس نہ رہنے پر رکن اسمبلی نے برہمی کا اظہار کیا ۔ رکن اسمبلی نے AO ہریش کمار سے سوال کیا کہ گذشتہ سال اپریل ماہ میں ہوئی بارش سے تباہ فصلوں کو کتنے افراد کو ہرجانہ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو مواضعات جاکر کسانوں کو دستیاب رہنے کا مشورہ دیا ۔ ایم پی ڈی او وجئے کمار کو احکام دئیے کہ اجلاس میں غیر حاضر تمام عہدیداروں کو نوٹسیں جاری کی جائیں ۔ رکن اسمبلی نے اجلاس کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ یلاریڈی حلقہ میں 4500 افراد کو جنگلاتی اراضیات کے پٹہ جات تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر نائب صدر منڈل پریشد رویندر زیڈ پی ٹی سی موہن ریڈی ، محکمہ آبپاشی ڈی ای شالینی تحصیلدار روجا اور مختلف مواضعات کے منڈل پریشد ارکان و سرپنچ موجود تھے ۔