رام مندر بنانے کی باتیں اور سیتا کو جلایا جارہا ہے

   

لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے ریمارکس پر ہنگامہ
نئی دہلی ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے ایک ریمارک پر ایوان میں جمعہ کو زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایک ایسے وقت سیتا کو جلایا جارہا ہے جب رام مندر کی تعمیر کی کوششیں جاری ہیں۔ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے ادھیر رنجن چودھری کے ریمارک کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں اس مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہیں۔ ادھیر رنجن چودھری نے وقفہ صفر کے دوران اترپردیش کے اناؤ میں عصمت ریزی کی شکار لڑکی کو زندہ جلانے کی کوشش کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ایک طرف رام مندر بنانے کی کوششیں جاری ہیں تو دوسری طرف سیتا کو جلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش کو اتم پردیش بنانے کی باتیں تو ہورہی ہیں لیکن اب یہ ریاست ادھرم پردیش (نیراج و افراتفری کی ریاست) بن گیا ہے۔ اس موقع پر سمرتی ایرانی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی بدبختی کی بات ہیکہ خواتین کی ہلاکتوں اور عصمت ریزی کے واقعات کو فرقہ وارانہ سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔ ایرانی نے کہا کہ ’’جی ہاں کسی عورت کو آگ لگادینا قابل مذمت ہے۔ جی ہاں! کسی عورت کی عصمت ریزی غیرانسانی ہے لیکن اس مسئلہ کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ ایوان میں کسی نے بھی اس قسم کے مسئلہ کو کبھی فرقہ وارانہ رنگ نہیں دیا تھا‘‘۔