رام مندر بھی آر ایس ایس کے ایجنڈے میں نہیں تھا،مگر معاملہ سب کے سامنے ہے: اسدالدین اویسی کا بھاگوت کو جواب

   

نئی دہلی:آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے گیان واپی تنازعہ پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ” وی ایچ پی کے قیام سے پہلے ایودھیا سنگھ کے ایجنڈے پر نہیں تھا۔ گیان واپی پر بھاگوت کی تقریر کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ بابری مسجد کے لیے تحریک کو یاد رکھیں جو تاریخی وجوہات کی بنا پر ضروری تھی۔ اس وقت آر ایس ایس نے عدالت کے حکم کا احترام نہیں کیا اور اس میں حصہ لیا، فیصلے سے پہلے مسجد کو گرا دیا، کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ گیان واپی پر بھی ایسا ہی کریں گے؟”اویسی نے بی جے پی کے سربراہ جگت پرکاش نڈا اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی طرف سے ملک میں امن اور ہم آہنگی کی یقین دہانیوں پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا، “ان مسائل پر یقین دلانے والا موہن یا نڈا کون ہے؟ ان کے پاس کوئی آئینی عہدہ نہیں ہے۔