پورنیا (بہار)، 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے آج دعویٰ کیا کہ رام مندر ’’وہی مقام، وہی جگہ‘‘ تعمیر کیا جائے گا جو لارڈ رام کی جائے پیدائش مانی جاتی ہے، اور اس ضمن میں کسی کو کوئی الجھن نہیں رہنا چاہئے۔ یہاں بوتھ لیول بی جے پی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے یو پی کے چیف منسٹر نے اپنی حکومت کی جانب سے شہر میں کئی مقامات کے نام تبدیل کرنے کی متنازعہ مہم کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھگوان رام کی جائے پیدائش کا دورہ کرنے والے یاتری اب ایودھیا جائیں گے نہ کہ ضلع فیض آباد اور جو جاریہ کمبھ فیسٹیول میں حصہ لے رہے ہیں وہ پریاگ راج کو آرہے ہیں نہ کہ الہ آباد۔ یوگی ’شکتی کیندر پربھاریز‘ کی میٹنگ سے مخاطب تھے، جو چار لوک سبھا حلقوں پورنیا، ارریا، کاٹیہار اور کشن گنج سے تعلق رکھتے ہیں۔