نئی دہلی :وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے کہا ہے کہ ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور مندر دسمبر 2023 سے عقیدت مندوں کے ‘درشن’ کے لیے کھل جائے گا۔جمعرات کو یو این آئی سے بات کرتے ہوئے وی ایچ پی کے مرکزی جوائنٹ سکریٹری گوپال نے بتایا کہ مندر کی تعمیر کی بنیاد تیار کی جا رہی ہے ۔ رافٹنگ سے متعلق کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ یہ کام 15 دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد ہم فاؤنڈیشن کو بھر کر گرینائٹ کے کام کو آگے بڑھائیں گے ۔ پلر پوسٹ کا کام گرینائٹ سے کیا جائے گا۔مسٹر گوپال نے بتایا کہ رام مندر کی تعمیر کے لیے بنگلور سے گریفائٹ منگوایا گیا ہے ۔ مرزا پور اور جودھ پور سے پتھر آ رہے ہیں۔ پتھر بنسی پہاڑ پور سے آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مندر 360 فٹ لمبا اور 235 فٹ چوڑا ہوگا۔ پانچ اہم ستون ہیں اور مرکزی ستون 161 فٹ اونچا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ وہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر نیاس کے جنرل سکریٹری چنپت رائے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ لوگوں نے طویل انتظار کیا۔ اگست 2023 تک مندر کی تعمیر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ دسمبر 2023 سے یہ عقیدت مندوں کے لیے ‘درشن’ کے لیے کھول دیا جائے گا۔واضح رہے کہ مسٹر رائے نے اس سے پہلے اکتوبر میں کہا تھا کہ عظیم الشان رام مندر جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار ہوگا۔
